ٹانک میں کھیل کے میدان آباد، رائل چیلنجر نے فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا

شیئر کریں:

ٹانک سے احمد نواز مغل سے

ٹانک میں امن کی بحالی کے بعد دیہی علاقوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو دوام بخشنے کے لئے ایف سی
ہیڈ کوارٹر ساؤتھ کے تعاون سے گاؤں ملازئی میں عصمت اللہ شہید میموریل فٹبال ٹورنامنٹ امن اور خوشیوں
کے رنگ بکھیرتے ہوئےاختتام پذیر ہوا۔

ٹورنامنٹ کے فائنل میں مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر ساؤتھ تھے افواج پاکستان ٹانک میں جہاں امن و امان
کی بحالی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے تو دوسری طرف نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کرنے
کے لئے وہ عملی طور پر کوشاں ہے ٹانک کے دیہی علاقہ ملازئی میں ایف سی ہیڈ کوارٹر ساؤتھ، علاقائی
عمائدین اور ڈی ایس او کے تعاون سے عصمت اللہ شہید میموریل فٹبال ٹورنامنٹ کا پررونق انعقاد کیا گیا۔

ٹورنامنٹ میں ٹانک کی 45 ٹیموں نے حصہ لیا اور سب ہی ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل
میچ ڈینجر فٹبال کلب تتور اور رائل چیلینجرفٹبال کلب ملازئی کے درمیان کھیلا گیا۔ کھلاڑیوں کی جانب سے
شاندار کھیل پیش کیا گیا جسے دیکھ کر شہری لطف اندوز ہوتے رہے۔

فائنل دیکھنے کے لئے فٹبال کے شائقین کی بہت بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود رہی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل رائل
چیلینجر فٹبال کلب ملازئی نے سخت مقابلے کے بعد دو گول کی برتری سے اپنے نام کر لیا۔ اختتامی تقریب
میں کمانڈنگ آفیسر25 سندھ رجمنٹ، ٹورنامنٹ کے آرگنائزر مستفیزالرحمن،علاقہ عمائدین، صحافیوں، سماجی
اور سیاسی شخصیت حاجی شیر بہادر، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ٹانک آصف نواز گنڈہ پور،سابق ویلج ناظم
محمد نواز،سمیع اللہ،محمد اصغرسمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر آتش بازی کاشاندار مظاہرہ کیا گیا اور مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر ساؤتھ کا استقبال ان کو
روایتی لنگیاں پہنا کر کیا گیا۔ علاقائی عمائدین اور کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ملازئی جیسے دور افتادہ علاقہ
میں ایف سی ساؤتھ اور افواج پاکستان کے تعاون سے فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے۔

مقابلوں سے علاقہ کے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلوں کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے
مواقع میسر آرہے ہیں جس سے وہ ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا علاقہ
میں امن کی بحالی کے بعد کھیلوں کی ایسی سرگرمیاں نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچانے میں مفید اور
مددگار ثابت ہوں گی۔ کسی بھی علاقہ کی ترقی اور خوشحالی میں کھیلوں کی سرگرمیاں اہم کردار ادا
کرتی ہیں۔ جس معاشرے میں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے اسپتال ویران ہو جاتے ہیں۔

فائنل کے اختتام پر سیکٹر کمانڈر ساؤتھ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ امن کی بحالی میں ایس ایچ او
ملازئی فہیم ممتاز کو بھی خصوصی شیلڈ دی گئی۔


شیئر کریں: