کورونا نے کرکٹرز کوگھروں میں چھپا دیا، 130 سالہ کرکٹ تاریخ تبدیل

شیئر کریں:

عمران عثمانی سے

کرکٹ کے 6 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں یا پھر وائرس لگنے سے ایسے خوفزدہ ہوئے کہ انہوں نے اپنے آپ کو ٹیم، ٹریننگ اور لوگوں سے دور کرکے خود کو گھر میں قید کرلیا؟
قضیہ جو بھی ہے لیکن انگلینڈ کی معروف کائونٹی سرے کے 6 کرکٹرز اپنے اپنے گھروں میں قید ہوکر رہ گئے ہیں۔
کائونٹی حکام نے یہ تو تصدیق کی ہے کہ وہ وائرس کا شکار نہیں ہوئے لیکن نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے ان کی ایک ہفتہ بعد واپسی کی امید ظاہر کی ہے۔
سرے کائونٹی کے باقی کھلاڑی اوول لندن کے انڈور اسکول میں معمول کی ٹریننگ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب کرکٹ جنوبی افریقا نے ملک کی تمام کرکٹ پر 60 دن کی پابندی لگادی ہے۔
ملتوی یا منسوخ ہونے والے ایونٹس درجن کے قریب ہیں۔
بورڈ حکام کے مطابق پلیئرز کے ایسے شہروں میں بھی جانے کی پابندی ہے جو کورونا وائرس کی وجہ سے ہائی رسک ہیں۔

زمبابوے کورونا فری،کرکٹ سیریز پھر بھی ملتوی

آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ زمبابوے بھی ملتوی ہوگیا ٹیم نے اگلے ماہ 3 ٹی 20 اور 3 ایک روزہ میچز کے لئے ہرارے پہنچا تھا۔
بورڈ زحکام نے اتفاق کیا ہے کہ دورہ پھر ری شیڈول کریں گے۔
یاد رہے کہ زمبابوے تاحال ان ممالک میں شامل ہے جہاں ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

کورونا سے 130سالہ انگلش تاریخ تبدیل

انگلش کرکٹ کائونٹی سیزن میں کورونا وائرس کی وجہ سے وہ کچھ ہونے کو ہے جو 130 سالہ انگلش کرکٹ تاریخ میں نہیں ہوا۔
سیزن تاریخ میں پہلی بار اکتوبر کے آخر تک شیڈول کرنے کی تجویز ہے جس کے لئے انگلش کائونٹی چیفس اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ حکام کے درمیان منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق 11 بجے ویڈیو کانفرنس میٹنگ بلائی گئی۔
جس میں حتمی فیصلہ ہوگا انگلش کرکٹ سیزن 12 اپریل سے شروع ہونا ہے جس کا اختتام 25 ستمبر تک ہوجایا کرتا ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے سیزن کے آغاز میں تاخیر یقینی ہے اس لئے حکام اس کی تکمیل کیلئے اکتوبر تک جانا چاہتے ہیں۔
اگر ایسا ہوا تو یہ پہلی بار ہوگا۔
انگلینڈ کے موسم سرما کے آغاز میں سخت سردی اور دن کا دورانیہ کم ہونے سے اکتوبر میں میچ کا انعقاد بڑا چیلنج ہوگا۔

آئی پی ایل اجلاس ناکام،فرنچائزز کے کیمپ تک ملتوی

بھارتی آئی پی ایل کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی 18 روز کیلئے ملتوی کی جاچکی ہے۔
15 اپریل کی مجوزہ تاریخ کے حوالے سے بھی بے یقینی ہے اس کے لئے ہونے والا آئی پی ایل فرنچائزز کا ٹیلی کانفرنس اجلاس بھی بے نتیجہ ختم ہوا ہے۔
یہی نہیں بلکہ فرنچائزز کے ٹریننگ کیمپس بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

کرکٹ کا کام گھر سے کرنے کی ہدایت

کورونا وائرس نے دنیا کے طاقتور کرکٹ بورڈ کو اتنا خوفزدہ کردیا ہے کہ اس نے اپنے ملازمین کو آفس آنے سے روکتے ہوئے نیا حکم جاری کیا ہے۔
بورڈ نے اپنے ملازمین سے کہا ہے کہ آفس آنے کی ضرورت نہیں کرکٹ و بورڈ کا تمام کام اپنے گھروں سے کریں۔.
کرکٹ شائقین نے سوال کیا ہے کہ کیا یہ ممکن ہے کہ کرکٹرز بھی اب گھر سے میچ کھیلنا شروع کردیں۔


شیئر کریں: