جو کرپشن کرتے ہیں وہ ڈرتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان
شیئر کریں:

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایجنسیز کو معلوم ہوتا ہے کہ کون کیا کر رہا ہے۔ جو کرپشن کرتے ہیں فوج کا ڈر انہیں ہوتا ہے، میں نہ کرپٹ ہوں اور نہ ہی پیسے بنا رہا ہوں۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آٹا بحران کی ابتدائی رپورٹ میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام نہیں ہے۔

ملک میں ہر جگہ کارٹل ہے جو قیمتوں کو کنٹرول کرتا ہے، مسابقتی کمیشن اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بجلی کی قیمت مزید نہیں بڑھا سکتے، بجلی کی قیمت سے متعلق آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پا جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ ان کے بیان پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہونا چاہیے،معلوم ہونا چاہیے کہ مولانا کو کس نے یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں پرچی والا پارٹی سربراہ نہیں۔

22 سال جدوجہد کر کے اس مقام پر پہنچا ہوں، مجھ سے زیادہ لڑنا کوئی نہیں جانتا۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن اصلاحات کے لیے قوانین لارہے ہیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ اور بائیومیٹرک سسٹم کو لازمی قرار دیں گے۔ سینیٹ الیکشن خفیہ رائے شماری سے نہیں ہوں گے، شو آف ہینڈز سے سینیٹ الیکشن کا قانون لائیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے مزید یہ بھی کہا کہ اپوزیشن حکومت جانے کی باتیں صرف اپنی پارٹی کو اکٹھا کرنے کے لیے کرتی ہے۔ یہ سیاسی مافیا ہے، ان کو مہنگائی کی نہیں اپنی ذات کی فکر ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پٹواری اور تھانیدار کی کرپشن سے اتنا مسئلہ نہیں ہوتا۔


شیئر کریں: