October 9, 2019 at 4:38 pm

(پیرس سے علی اشفاق)
فرانسیسی ساخت کا رافیل لڑاکا جیٹ طیارہ بھارت کے حوالے کردیا گیاہے۔ بھارت نے 2016ء میں فرانس سے 36 رافیل طیاروں کا سودا کیا تھا۔ ان طیاروں کی مالیت پونے نو ارب ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔ طیارہ حوالے کرنے کی تقریب فرانس کے جنوب مغربی علاقے میرجنک کے طیارہ ساز فرم داسالٹ ایوی ایشن پلانٹ پر ہوئی۔ فرانسیسی وزیر دفاع فلورینس پارلی اور بھارتی ہم منصب راجناتھ سنگھ شریک ہوئے۔ اس موقع پر اجناتھ سنگھ نے پائلیٹ کا سوٹ زیب تن کیا۔ ہیلمٹ پہن کر رافیل کے کاک پٹ میں فرانسیسی ہوا باز کے ساتھ آزمائشی پرواز کی۔ بھارتی وزیر دفاع اپنے تین روزہ دورہ میں دفاعی شعبے میں تعاون اور بحرہند و بحرالکاہل خطے میں سیکیورٹی سے متعلق امور پر بھی بات چیت کر رہے ہیں۔ یاد رہے بھارت میں گذشتہ سال فرانس سے آٹھ ارب 78 کروڑ ڈالر مالیت کے سودے پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔ حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت پر فرانس سے یہ لڑاکا جیٹ تین گنا زیادہ قیمت پر خریدنے کا الزام عائد کیا تھا۔ کانگریس کے مطابق اس نےمودی کے 2014ء میں برسراقتدار آنے سے قبل فرانس سے تین گنا کم قیمت پر یہ طیارے خریدنے کے لیے مذاکرات کیے تھے لیکن مودی حکومت نے ان کی قیمت بڑھا دی۔

Facebook Comments