September 7, 2019 at 6:52 pm

کراچی پولیس نے فورسز،پولیس اور میڈیا پر حملوں میں ملوث کالعدم تنظیم کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راو نے بتایا کہ دہشت گردوں نے دوہزار سترہ میں نجی چینل کی ڈی ایس این جی پر حملہ کیا تھا۔ ملزموں نے ڈی ایس این جی پر حملے سے چند منٹ پہلے پولیس کی بکتر بند موبائل پر بھی کریکر حملہ کیا تھا۔ ڈی ایس این جی پر حملے میں چینل کا ملازم تیمور شہید ہوا تھا۔ گرفتار دہشت گردوں نے مختلف حملوں میں تین پولیس افسروں کو شہید کیا۔ان میں دو کا تعلق آپریشن ایک کا تعلق ٹریفک پولیس سے تھا۔ ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ ملزمان بھتہ خوری اور اجرتی قتل کی وارداتیں بھی کرتے تھے۔ بھتہ نہ دینے پر ملزمان نے تاجروں کو بھی قتل کیا۔ گرفتار ملزموں کے قبضے سے تین پستول برآمد ہوئے۔

Facebook Comments