July 16, 2019 at 8:19 am

وادی نیلم میں بارشوں سے طغیانی کے باعث دریا برد ہونے والی مسجد میں تبلیغی جماعت کے ساتھ گئے فیصل آباد کے دینی مدرسہ کے 5 طلباء بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ طلباء عالمی مبلغ مولانا طارق جمیل کے مدرسہ جامعةالحسنین گرین ٹاؤن میں درس نظامی کر رہے تھے۔پانچوں طلباء چھٹیوں کے دوران تبلیغی جماعت کے ساتھ گئے تھے۔ شہید طلباء میں ہارون ، سلیمان ، عفان ، عمران عزیز اور عمر ناصر شامل ہیں۔ انتظامیہ جامعة الحسنین نے طلباء کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔شہید طلباء میں عفان غلام محمد آباد اور عمر ناصر کلیم شہید کالونی کا رہائشی تھا۔ ہارون اور سلیمان ڈیرہ اسماعیل خان ، عمران مستونگ بلوچستان کا رہائشی تھا۔

وادئ نیلم کے لیسوا نالے میں گزشتہ رات طغیانی کے باعث کم از کم 35 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی اور 41 کے قریب لا پتہ ہوئے ہیں ۔ شہداء میں تبلیغی جماعت کے 12 افراد بھی شامل ہیں۔ گزشتہ رات وادی نیلم میں زبردست آندھی آئی جس کے دوران بادل پھٹے اور نالہءلیسوا میں زبردست طغیانی آگئی۔ طغیانی اس قدر زوردار تھی کہ وہ نالہ کے آر پار درجنوں گھروں و دُکانوں اور جامع مسجد سمیت متعدد گاڑیوں کو بھی اپنے ساتھ بہا کر لے گئی ۔ رات کو نیلم میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس نہ ہونے کے باعث ذرائع ابلاغ ، امدادی ادارے اور انتظامیہ اس حادثہ سے بے خبر رہے۔ اب بھی موبائل اور انٹرنیٹ کی سروس میں گڑ بڑ کی وجہ سے نقصانات کا معلُوم کرنے میں بھی مشکلات درپیش آ رہی ہیں ۔امدادی اداروں کے رضا کار اور پولیس کی ٹیمیں علاقے کی طرف روانہ ہو چُکی ہیں ۔

Facebook Comments