April 7, 2019 at 11:01 pm

تحریر:مجاہد حسین
9ویں قومی مالیاتی ایوارڈ کی تقسیم کیا رخ اختیار کرے گی؟ابھی تک اس کے بارے میں محض اندازے لگانے کا کام جاری ہے۔آئین کی آرٹیکل160 ون کے مطابق ہر پانچ سال میں قومی مالیاتی ایوارڈ تشکیل دیا جاتا ہے۔2010ء تک قومی مالیاتی ایوارڈ چاروں صوبوں میں آبادی کی بنیاد پر تقسیم کیا جاتا رہا ہے لیکن بعد میں اس کی تقسیم کے طریقہ کار کو تبدیل کر دیا گیا۔ 2010کے بعد قومی مالیاتی ایوارڈ کی تقسیم کو چار درجو ں میں بانٹ دیا گیا ۔قومی مالیاتی ایوارڈ کی تقسیم کچھ اس طرح طے کی گئی۔ 82 فیصد آبادی کی بنیاد پر، 10.3 فیصد غربت پر،5 فیصد ٹیکس جمع کر نے پر اور 2.7فیصد آبادی کے دباؤ کی بنیا د پر تشکیل دیا گیا۔
سابق حکومت نے فروری 2016 ء میں 9واں قومی مالیاتی ایواڑ تشکیل دیا تھا لیکن عدم اتفاق رائے کے باعث یہ ایواڑ تاخیر کا شکار ہو گیا کیونکہ وفاق صوبوں کے تحفظات دور کرنے میں ناکام رہا تھا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا تھا کہ 9واں قومی مالیاتی ایواڈگزشتہ برس ہونے والی مر دم شماری کی بنیاد پر دیا جائے گا جس کے لیے لازمی ہے کہ مردم شماری کے نتائج کو حتمی شکل دی جاسکے۔بصورت دیگر حسب سابق برائے اعدادوشمار پر قومی مالیاتی ایوارڈ کا اعلان نہ کر دیا جائے۔اگر ایسا ہوتا ہے تو بڑے صوبے کو ہی اس کا فائدہ پہنچے گا۔قومی مالیاتی ایوارڈ کی تقسیم کے تنازعہ میں ہمیشہ چھوٹے صوبے مرکز اور پنجاب کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ قومی مالیاتی ایوارڈ کی تاریخ بھی دل چسپی سے خالی نہیں اور مرکز سمیت چاروں صوبے اس ایوارڈ کی تقسیم کے فارمولے کے حوالے سے تنازعات کا شکار رہےہیں۔
پہلا قومی مالیاتی ایوارڈ۔ 1951ء میں اس ایوارڈ کوریمن ایوارڈ کا نام دیا گیا، جس کے تحت سیلز ٹیکس صوبائی معاملہ تھ۔ مرکزاور صوبوں کے ریونیوذرائع کے تنازعے کو نمٹانے کے لئے 50فیصد آمدنی ٹیکس کی سفارش کی گئی تھی۔
دوسرا قومی مالیاتی ایوارڈ۔1961-62ء دس سال کے وقفے کے بعد 1961ء میں ایک کمیشن مقرر کیا گیا جس نے 1962 میں اپنی سفارشات پیش کی گئیں جس کے تحت ٹیکسز کی آمدنی میں سے مشرقی پاکستان کو 54فیصد اور مغربی پاکستان کو 46فیصد حصہ دیا گیا۔
تیسرا قومی مالیاتی ایوارڈ۔1964-65ء 1964ء کے مالیاتی کمیشن کا آغاز آئین کے آرٹیکل 144کے تحت ہوا، تمام صوبوں میں سیلز ٹیکس کا 30فیصد تقسیم کیا گیا۔
چوتھا قومی مالیاتی ایوارڈ۔1970ء 1970ء میں ایک نیا کمیشن قائم کیا گیا جس نے 1971ء میں بنگلہ دیش کی علیحدگی سے پہلے اپنا ایوارڈ دیا،اس ایوارڈ میں صوبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی اور ان کے تقسیم شدہ پول میں شراکت کے 65فیصد تناسب کو بڑھا کر 80فیصد کر دیا گیا۔
1973ء کے آئین کے بعد پہلا قومی مالیاتی ایوارڈ(1974) میں ہوا ۔ اس ایوارڈ میں تقسیم شدہ پول کی گنجائش آمدن ٹیکس ، سیلز ٹیکس اور ایکسپورٹ ڈیوٹی تک محدود رہی ۔
دوسرا قومی مالیاتی ایوارڈ(1979ء) میں ہوا۔ جنرل ضیاء الحق نے وزیر خزانہ غلا م اسحاق خان کی سربراہی میں دوسرا این ایف سی ایوارڈ قائم کیا۔ بدقسمتی سے اس میں کوئی مشاورت نہ ہو سکی اور نہ تجاویز پیش کی جاسکیں۔عبوری مدت میں وسائل کی تقسیم کے لئے 1974ء کے قومی مالیاتی ایوارڈ کو ہی معیار بنایا گیا۔
تیسرا قومی مالیاتی ایوارڈ(1985ء) میں ہوا ۔ تیسرے قومی مالیاتی ایوارڈ کے کمیشن میں وزیر خزانہ ڈاکٹر محبوب الحق نے صوبوں کو زیادہ ٹیکس دینے کا مشورہ دیااور مرکز کے لئے صر ف آمدن ٹیکس، کارپوریٹ ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کو ہی برقرار رکھا۔
چوتھا قومی مالیاتی ایوارڈ (1990ء) میں دیا گیا۔ تقریباََ سولہ سال کے وقفے کے بعد نواز شریف حکومت نے این ایف سی ایوارڈ کے لئے کمیشن قائم کیا۔جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ سرتاج عزیز کے پاس تھی۔اس ایوارڈ نے 1974ء کے ایوارڈ کی نسبت صوبائی حصے میں 18فیصد اضافہ کیا ۔
پانچواں قومی مالیاتی ایوارڈ (1996ء) اس مالیاتی ایوارڈ میں صوبوں کو خام تیل اور قدرتی گیس پر رائلٹی کا حقدار ٹھہرایا۔
چھٹا قومی مالیاتی ایوارڈ(2000ء) میں ہوا۔ شوکت عزیز کی صدارت میں قائم ہونے والے قومی مالیاتی کمیشن نے گیارہ مشاورتی اجلاس منعقد کئے لیکن اتفاق رائے نہ ہو سکا۔2005-06ء میں قومی مالیاتی ایوارڈ کے لئے اتفاق رائے قائم کرنے کی دوسری کوشش کی گئی لیکن ایک مرتبہ پھر مرکز اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم پر اتفاق رائے قائم نہ ہو سکا۔جس کے بعد صدر پرویز مشرف نے آئین کے آرٹیکل 6۔160اور آرڈیننس نمبر ایک (2006)کے تحت ترمیم کر کے وسائل کی تقسیم کا فارمولہ جاری کیا۔
ساتواں قومی مالیاتی ایوارڈ (2009ء) 13سال کے وقفے کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ساتویں قومی مالیاتی ایوارڈ پر تاریخی اتفاق رائے کا مظاہرہ کیا اور صوبوں کی طرف سے قومی وسائل کی تقسیم کے حوالے سے کسی قسم کا اعتراض سامنے نہ آیا۔
قومی وسائل کی تقسیم کے لیے ایک مرتبہ پھر اتفاق رائے قائم نہ کیا جاسکا اور سابق حکومت آٹھویں قومی مالیاتی ایوارڈکو پیش کرنے میں ناکام رہی۔ اس کے بعد نویں قومی مالیاتی ایوارڈ کے لیے بھی فروری2016ء میں کمیشن قائم کیا گیا لیکن عدم اتفاق رائے کے باعث یہ ایوارڈ جاری نہ کیا جاسکا۔
اگرچہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد قومی مالیاتی ایوارڈ کی تقسیم میں پائے جانے والے تاریخی اختلافات ختم ہوچکے ہیں لیکن فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں انضمام کے بعد کے پی کے اپنے روایتی حصے سے زیادہ کا طلب گار ہے۔ دوسری طرف سندھ اور بلوچستان کے مطالبات بھی بڑھ رہے ہیں۔ وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں ٹیکس آمدن نہیں بڑھتی وفاق اور صوبوں کا حصہ نہیں بڑھ سکتا۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا دعوی ہے کہ این ایف سی سے سندھ کو104ارب روپے کم دئیے گئے ہیں۔
اگر 9ویں قومی مالیاتی ایوارڈ میں بھی اتفاق رائے قائم نہیں ہوتا تو مجبوراً2009ء کے قومی مالیاتی ایوارڈ کے تناسب پر انحصار کرنا پڑے گا لیکن اس کے لیے 2018ء کی مردم شماری اور فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں انضمام کا معاملہ کس طرح حل کیا جائے گا، اس کے بارے میں حکومت کے پاس ابھی تک کوئی فارمولہ نہیں۔

Facebook Comments