گرونانک کے جنم دن کی تقریبات بھارت سے ہزاروں یاتری پاکستان آئیں گے

شیئر کریں:

بھارتی سکھ یاتریوں کو بابا گرو نانک کے 552 ویں یوم پیدائش کے موقع پر تقریباً 3 ہزار ویزے جاری کردیے گئے۔ نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق بھارت کے سکھ یاتری 17 سے 26 نومبر 2021ءتک بابا گرو نانک کے 552 ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
پاکستان میں اپنے قیام کے دوران سکھ یاتری ننکانہ صاحب میں گردوارہ جنم استھان اور کرتارپور میں گردوارہ دربار صاحب سمیت مختلف گردواروں کی یاترا کریں گے۔
سکھ یاتریوں کو یہ ویزے مذہبی مقامات کے دوروں کے حوالے سے 1974ء کے پاکستان انڈیا پروٹوکول کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق:بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں مقیم ہزاروں سکھ یاتری اس تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر نومبر 2019ء میں ویزا فری کرتارپور صاحب راہداری کھولنے کا تاریخی اقدام شامل ہے۔گردوارہ کرتارپور کا شاندار کمپلیکس پاکستان کے عوام اور پاکستانی قیادت کی جانب سے سکھ کمیونٹی کے لئے تحفہ ہے۔
ہائی کمیشن نے سکھ مذہب کے بانی کے 552 ویں جنم دن کے موقع پر بھارت اور دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔:ہائی کمیشن نے اس موقع پر پاکستان آنے والے زائرین کی یاترا کے لئے پرمسرت تمناﺅں کا اظہار کیا ہے۔زائرین کو زیادہ سے زیادہ ویزوں کا اجراء حکومت پاکستان کی پاکستان میں مذہبی مقامات کی زیارت کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔


شیئر کریں: