کراچی میں کرمنلز کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا

شیئر کریں:

پاکستان رینجرز (سندھ) اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے قتل، اقدام قتل، اسٹریٹ کرائم اوردیگر جرائم میں ملوث ملزم امیر خان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم نے مئی 2022 کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن میں طاہر نامی شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جس کی ایف آئی آر تھانہ سائٹ اے میں درج ہے۔ جبکہ ملز م نے دسمبر 2022کو اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر عثمان نامی شخص کو فائرنگ کر کے زخمی کیا جو دوران علاج جاں بحق ہو گیاتھا جس کی ایف آئی آر تھانہ مومن آباد میں درج ہے۔واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ملزم کو باآسانی پہچانا جا سکتا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اوراسٹریٹ کرائم کی 200سے زائد وارداتوں میں 400 سے زائد موبائل فون اور10لاکھ روپے سے زائد نقدی چھیننے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزم کومزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔


شیئر کریں: