کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا سے مزید پانچ مریض جاں بحق 423 متاثر

شیئر کریں:

کراچی سمیت سندھ بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید پانچ مریض انتقال کر گئے جس سے اموات کی تعداد 7525 ہو گئی ہے جبکہ 18622 ٹیسٹ کرانے پر 423 نئے کیسز سامنے آئے ۔ یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے مزید پانچ مریضوں نے اپنی جانیں گنوائیں جس سے اموات کی تعداد 7525 تک پہنچ گئی ہے جو کہ شرح اموات کا 1.6 فیصد ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ 18622 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 423 کیسز کا پتہ چلا جو کہ موجودہ تشخیصی شرح کا 2.3 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 6209047 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں جن میں سے 464261 کیسز کی تشخیص کی گئی ان میں سے 96 فیصد یعنی 445938 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صحتیاب ہونے 10877 مریض بھی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت 21958 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 21254 گھروں میں ، 28 آئسولیشن مراکز میں اور 252 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 249 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں 15 کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق 423 نئے کیسز میں سے 60 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں 24 شرقی ، 18 کورنگی ، 12 جنوبی ، 4ملیر ، 2وسطی اور غربی سے کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ حیدرآباد میں 37 ، نوشہروفیروز 29 ، کشمور 27 ، جامشورو 25 ، ٹھٹھہ 24 ، سانگھڑ 20 ، گھوٹکی ، شکارپور اور تھرپارکر 19-19، بدین اور سکھر 18-18، جیکب آباد ، مٹیاری اور ٹنڈو الہیار 15-15، سجاول 14 ، شہید بینظیر آباد 13 ، میرپورخاص 11 ، لاڑکانہ 8، عمرکوٹ 6، ٹنڈو محمد خان 5اور خیرپور 3 کیسز ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے عوام پر زور دیا کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔


شیئر کریں: