وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کے بعد وطن پہنچ گئے

شیئر کریں:

وزیر اعظم عمران خان امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد واپس وطن پہنچ گئے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین ،علیم خان ،فردوس عاشق،فواد چودھری ،پرویز خٹک اور غلام سرور سمیت دیگر وزرا اور پارٹی کارکنوں نےاسلام آباد انٹر نیشنل ائر پورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر کارکنوں سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آج ایسا لگ رہاہے جیسے میں ورلڈ کپ جیت کے آیا ہوں ۔وزیر اعظم نے کہا دنیا انکی عزت کرتی ہے جو اپنی عزت کرانا چاہتے ہیں ۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کبھی آپکو مایوس نہیں کرونگا ۔انہوں نے کہااللہ نے پاکستان کو ستائیس رمضان کو بنایا ۔ ہمیں اس ملک کو آگے لیکر جانا ہے ۔ملک کبھی ترقی نہیں کریگا جب تک ہم ملک لوٹنے والوں کو جیلوں میں نہیں ڈالیں گے ۔
عمران خان نے کہا میں نے مغربی ممالک کو کہا ہے ہماری مدد کریں تاکہ ہم لوٹا ہو پیسہ واپس لائیں اور اپنی عوام پر لگائیں ۔اللہ نے اس ملک میں ہر قسم کی نعمتیں دیں ہیں ۔ ہم نے اس ملک کے ادارے ٹھیک کرنے ہیں جو یہاں چوروں نے تباہ کر دئیے ہیں ۔انہوں نے کہا میرا وعدہ ہے ایک دن آئیگا جب ہر پاکستانی ہرا پاسپورٹ لے کر نکلے گا تو دنیا آپکی عزت کریگی ۔
عمران خان کی آمد سے قبل جہانگیر خان ترین نے کہا تھا کہ وزیراعظم کے کامیاب دورے سے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر ہوا ہے۔


شیئر کریں: