ورلڈ ٹی 20، ویمنز ورلڈ کپ اور ایشیا کپ پھر لٹک گیا

شیئر کریں:

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل آج بھی ورلڈ ٹی 20 کی قسمت کا فیصلہ نہ کرسکی۔
دبئی سے ویڈیو کانفرنس کال پر بورڈز میٹنگ کے اجلاس کے بعد یہ طے پایا ہے کہ اس سال اکتوبر کو آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈ ٹی 20 اور اگلے سال نیوزی لینڈ میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کے بارے میں حتمی فیصلہ اگلے ماہ کیا جائے گا۔
ایشیا کپ کا فیصلہ بھی نہیں کیا جاسکا اس کا اعلان بھی بعد میں ہوگا۔

اگلے ماہ کورونا کی کنڈیشن اور ونڈوز کو دیکھ کر کچھ بہتر فیصلہ ممکن ہوگا ۔
آئی سی سی چیف ایگزیکٹو مانو سواہنی کے مطابق بورڈز میٹنگ میں اتفاق رائے پایا گیا ہے کہ میگا ایونٹس کے مستقبل کا فیصلہ ایک ماہ تک موخر کیا جائے۔
اس وقت تک آسٹریلیا کی حکومت سے بہتر صورتحال معلوم کی جاسکے گی اور گلوبلی کورونا کنڈیشن کی اپ ڈیٹ بھی سامنے ہوگی۔
ورلڈ گلوبل باڈی کے لئے کھلاڑیوں کی صحت اور فٹنس زیادہ اہم ہے ،رکن ممالک اپنی حکومتوں کے ساتھ مل کر اس پر کام کریں اور جہاں کرکٹ ممکن ہو ،وہاں محفوظ کنڈیشن کے ساتھ یقینی بنائیں آئی سی سی گائیڈ لائنز پہلے ہی جاری کرچکی ہے۔
ورلڈ ٹی 20 کے مستقبل کا فیصلہ اس لئے بھی موخر کیا ہے کہ ایونٹ اور کورونا سے بچنے کی قابل عمل پلاننگ بنائی جاسکے۔
پارٹنرز اور میزبان ملک کھیل کے بہترین مفاد میں فیصلہ کرسکیں۔
مانو سواہنی کہتے ہیں کہ گلوبل باڈی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے بہترین ماحول میں ایونٹ کا انعقاد چاہتی ہے جس میں کرکٹ فینز بھی آسکیں۔
ہم نے ایک موقع اور دیا ہے کہ رکن ممالک ،براڈ کاسٹرز،پارٹنرز،پلیئرز کے ساتھ مزید مشاورت کرکے ایسا فیصلہ کریں جو کرکٹ فینز کو قبول ہو۔


شیئر کریں: