معاشی صورتحال سے عوام کو آگاہ رکھنے کی ہدایت

شیئر کریں:

وزیرِ اعظم نے غیر ضروری اخراجات میں کمی کے لئے ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
کورونا کے پیش نظر صوبے کی معاشی صورتحال سے عوام کو مکمل طور پر باخبر رکھا جائے۔
مشکل حالات کے باوجود ہر ممکنہ کوشش کی جائے کہ ترقیاتی اخراجات کم سے کم متاثر ہوں۔
آئندہ بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کے لیے آؤٹ آف باکس سلوشن پر توجہ دی جائے۔
ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ پر بھرپور توجہ دی جائے۔
جہاں ایک طرف ترقیاتی ضروریات پوری کی جا سکیں وہاں ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کے کردار کو بڑھا کر حکومتی بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔
توانائی سے متعلقہ معاملات پر غور کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ حل طلب معاملات خصوصاً توانائی کے ضمن میں صوبے کی استعداد برؤے کار لانے کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل کو وزارتِ توانائی کی مشاورت سے مرتب کیا جائے۔
یہ ہدایات وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنی زیر صدارت صوبہ خیبرپختونخواہ کے ترقیاتی امور، بجٹ اصلاحات، کورونا وائرس کے تناظر میں صوبائی معاشی صورتحال خصوصاً صوبائی آمدن و اخراجات اور مستقبل کے لائحہ کے اجلاس میں دیں۔
رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے قیام میں پیش رفت، سوات موٹروے فیز ٹو منصوبے پر عمل درآمد اور توانائی کی پیداوار پر صوبے کی استعداد اور مستقبل کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔

صوبائی وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث صوبے کی آمدن و اخراجات میں توازن متاثر ہواہے۔
آئندہ بجٹ میں اس خسارے پر قابو پانے کے لئے وفاقی حکومت کی معاونت درکار ہوگی تاکہ ترقیاتی عمل میں کسی قسم کا تعطل نہ آئے۔
اجلاس میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے قیام میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
سوات موٹر وے فیز ٹو منصوبے اور مختلف دیگر ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد خصوصاً ان منصوبوں کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جلد از جلد تکمیل کے لئے مختلف سفارشات وزیر اعظم کو پیش کی گئیں۔
اجلاس میں انضمام شدہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اس مقصد کے حصول کے لئے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
اجلاس میں وزیر توانائی عمر ایوب خان، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، چئیرمین سی پیک لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، صوبائی حکومت کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، صوبائی وزیرِ خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا، چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ ڈاکٹر کاظم نیاز و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔


شیئر کریں: