مالم جبہ اسکی ریزورٹ، پاکستان سمیت دنیا بھر کے 120 ایتھلیٹس نے حصہ لیا

شیئر کریں:

محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا، کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی خیبرپختونخوا، مالم جبہ اسکی ریزورٹ اور ریڈ بل
کے باہمی اشتراک سے سوات کے پرفضا مقام مالم جبہ اسکی ریزورٹ پر ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریڈبل
ہوم رن کا ایونٹ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔

ایونٹ میں آسٹریا، برطانیہ،چیک ریپبلک، پولینڈ اور سویڈزرلینڈ سمیت ملک کے مختلف شہروں سے
ایتھلیٹس نے اسکی اور اسنو بورڈنگ کے مقابلوں میں حصہ لیا۔

ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر حیدرمہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا، کلچر اینڈ
ٹورازم اتھارٹی کے عہدیداران، سی ای او ریڈ بل پاکستان تیمور آفاق، وسیم رحمان سی ای او سیمسن
گروپ آف کمپنی سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

مالم جبہ اسکی ریزورٹ پر ایتھلیٹ نے کمال مہارت سے کم وقت میں مقرر کردہ اسکی ٹریک کو مکمل کیا۔
ایونٹ میں 60 سے زائد مرد اسکی ایتھلیٹ نے اسکی مقابلوں، 31 نوجوانوں نے اسنو بورڈنگ ریس، 12
خواتین نے اسکی مقابلوں اور 4 خواتین نے اسنو بورڈنگ مقابلوں میں شرکت کی۔ اوور 16 اسنو بورڈنگ
مقابلوں میں علی حسنین نے 55سیکنڈ کے ساتھ پہلی،وکیل احمد نے ایک منٹ اور 2 سیکنڈ کے ساتھ دوسری
اور شاہ نے ایک منٹ 19 سیکنڈ کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ اوور16 سکی مقابلوں میں ساجد
عالم نے 39سیکنڈ کیساتھ پہلی، نظام الدین نے 42 سیکنڈ کے ساتھ دوسری اور شاکر اللہ نے 47 سیکنڈ کیساتھ
تیسری پوزیشن حاصل کی۔تفصیلات کے مطابق ریڈبل ہوم رن کا ایونٹ دنیا کے ٹاپ 19 ممالک میں
منعقد کیا جاتا ہے جس میں خیبرپختونخوا کی وادی سوات مالم جبہ کا سکی ریزورٹ بھی شامل ہے ۔

محکمہ سیاحت کی جانب سے موسم سرما میں یہ ساتواں ایونٹ کا کامیاب انعقاد کیا گیا اس ماہ کے آخر
میں سوات کی وادی گبین جبہ میں بھی اسنو فیسٹیول کا انعقاد جائے گا۔ مارچ کے مہینے میں ڈیرہ جات
فیسٹیول بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہوگا جس میں روایتی کھیلوں کیساتھ ساتھ ثقافت کو بھی
فروغ دیا جائے گا۔


شیئر کریں: