سینٹ پیٹرک چرچ اور ہائی اسکول کی مرمت کی ہدایت

شیئر کریں:

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے فادر ماریو روڈریگز (Mario Rodrigues) کی قیادت میں کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن کے وفد نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی اور سینٹ پیٹرک کتھے ڈرل چرچ صدر کراچی کی مرمت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فادر ماریو نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سینٹ پیٹرک چرچ 1818 میں بنایا گیا تھا اب اسے کچھ ضروری مرمت کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پرنسپل سیکرٹری فیاض جتوئی کو اسکیم کے ذریعے اسے مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ فادر ماریو نے بتایا کہ کیتھولک بورڈ شہر میں 40 اسکول چلا رہا ہے اوریہ اسکول معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں لیکن کچھ مسائل کی وجہ سے ان اسکولوں کو مالی مسائل کا سامنا ہے ۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ محکمہ تعلیم کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کریں گے۔ملاقات میں سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کی عمارت کی مرمت سے متعلق مسئلہ بھی زیر بحث آیا ۔ فادر ماریو کا کہنا تھا کہ یہ پرانی عمارت ہےاور اسے ورثہ میں شمار کیا گیا ہے اس لیے ہیریٹیج کمیٹی کی اجازت کے بغیر اس کی مرمت نہیں ہو سکتی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسکول کی عمارت کی مرمت انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر تمام مطلوبہ رسمی کارروائی کو پورا کر کے کی جائے گی۔


شیئر کریں: