March 25, 2020 at 9:03 am

سکھر کے قرنطینہ سینٹر سے نارمل قرار دیئے گئے 640 زائرین کی گھروں کو واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
گھر واپس اور اپنوں میں جانے کی خوشی میں زائرین کے چہرے کھل اٹھے۔

سکھر قرنطینہ سینٹر میں تفتان سے 1063 زائرین لائے گئے تھے ان میں سے نارمل اور فٹ قرار دیئے گئے 640 زائرین کو گھروں کو واپس بھیجا جارہا ہے۔
زائرین کی روانگی کے وقت بھی مکمل اسکریننگ کی جارہی ہے اور سب سے پہلے کراچی سے تعلق رکھنے والے 110 زائرین کو تین کوچز کے ذریعے پولیس کی سیکورٹی میں کراچی روانہ کیا گیا۔سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اور کورونا وائرس پر سکھر کے لیے مقرر فوکل پرسن سید اویس قادر شاہ ،کمشنر شفیق احمد مھیسر، ڈی آئی جی سکھر فدا حسین مستوئی، ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل اور ایس ایس پی سکھر عرفان سموں نے ان کے گھروں کو روانہ کیا۔
زائرین نے تفتان کے مقابلے میں سکھر میں بہتر انتظامات اور سہولیات فراہم کرنے پر سندھ حکومت اور سکھر انتظامیہ کے ساتھ اظہار تشکر کیا۔
زائرین کی دیگر شہروں کے لیے روانگی کا سلسلہ بھی جاری ہے سکھر انتظامیہ کے مطابق یہ سلسلہ صبح تک جاری رہے گا۔
سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا ہےان 640 زائرین کو واپس بھیجنے کا فیصلہ ٹیسٹس رپورٹس منفی آنے اور ڈاکٹرز کے میڈیکل بورڈ کی جانب سے انہیں نارمل قرار دینے کے بعد کیا گیا۔
باقاعدہ منظوری وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دی تاہم زائرین کے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر زائرین سے ملاقات کرکے اس کی رپورٹ پیش کریں گے تاکہ اگر کسی میں کسی قسم کی علامات پائی جاتی ہیں تو اس تک فوری طور پر پہنچا جاسکے۔
سکھر قرنطینہ سینٹر کے 265 زائرین میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق بھی ہوئی ہے جن کو آئسو لیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
جو زائرین گھروں کو بھیجے جارہے ہیں ان میں سے 110 کا تعلق کراچی، 42 کا سکھر، 113 کا خیرپور، 42 کا گھوٹکی، 17 کا لاڑکانہ، 2 کا قمبر شہدادکوٹ، 2 کا شکارپور، 8 کا نوشہرو فیروز، 14 کا نواب شاہ، 29 کا سانگھڑ، 32 کا دادو اور میھڑ، 115 کا مٹیاری، 40 کا حیدرآباد، 8 کاجامشورو، 3کا بدین، 6کا سجاول، 4کا ٹھٹھہ، 4کا ٹنڈو محمد خان، 18 کا ٹنڈو الہیار، 8 کا ٹنڈو جام، 6کا میرپور خاص، ایک کا راولپنڈی، اور ایک کا تعلق گلگت سے ہے۔

Facebook Comments