جی ڈی اے امیدواروں کا جلد اعلان ہوگا

جی ڈی اے امیدواروں کا جلد اعلان جلد ہوگا

عام انتخابات کے لیے جی ڈی اے امیدواروں کا جلد اعلان ہوگا. حروں کے روحانی پیشوا ،گرینڈ ڈیموکریٹک
الائنس(جی ڈی اے) کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے جی ڈی اے کی کور کمیٹی اور پارلیمانی بورڈ کے رہنماؤں
اور سابق صدر میاں محمد سومرو نے راجہ ہاوس میں ملاقات کی۔
اجلاس کے دوران جی ڈی اے کی کور کمیٹی نے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست
پیش کی جس کی پیر صاحب پگارا نے منظوری دی۔ اجلاس میں سید صدر الدین شاہ راشدی ،ڈاکٹر صفدر عباسی،
سابق وزیراعلی سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم ،سردار عبدالرحیم ،حسنین مرزا،صادق کھوسو ایڈووکیٹ شامل تھے.

امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان آئندہ ایک دو روز میں کیا جائے گا.اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ
جمہوریت پسند، سندھ دوست عوام اور سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر سندھ دشمن قوتوں کو شکست فاش
دیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اسلامی اور عوامی منشور پر عمل کرتے ہوئے سندھ کے عوام کو ان کے
بنیادی اور جائز حقوق دلائیں گے.
کور کمیٹی اجلاس کے دوران سابق صدر پاکستان میاں محمد سومرو پیر صاحب پگارا سے ملاقات کے لیئے پہنچے
ملاقات میں ملک اور صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی. میاں سومرو این اے 190 جیکب آباد پر
آزاد امیدوار ہیں. انہوں نے پیر صاحب پگارا سے سیاسی حمایت کی درخواست کی، جس پر پیر صاحب پگارا نے
انہیں اصولی حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ بہتر ہوگا کہ وہ جی ڈی اے کی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیں۔