بلدیہ وسطی میں جشنِ ولادتِ رسول ﷺ کی تیاریاں عروج پر

شیئر کریں:

بلدیہ وسطی میں جشنِ ولادتِ پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ پُر امن اوربھرپور دینی جوش و جذبہ کے تحت منانے کے لئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی ڈاکٹر سید محمد علی زیدی اور میونسپل کمشنر خالد ریاض صدیقی کی مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر انفارمیشن بلدیہ وسطی فہیم مصطفی زیدی کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں، میلاد کی محافل کے مقامات اور جلوس کی گزرگاہوں پر صفائی اور روشنی کے انتظامات بہم پہنچانے کے لئے بلدیہ وسطی کے افسران و کارکن دن رات کوشاں ہیں۔ بلدیہ وسطی کی مختلف یوسیز میں جشن عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر نکلنے والے جلوسوں کی گزرگاہوں،محفل میلاد کی جگہوں اور مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف مخدوش سڑکوں کی یکم ربیع الاوّل سے اب تک دو لاکھ چالیس ہزار مربع فٹ سڑکوں کی استرکاری،پیوند کاری اور روڈ کارپیٹنگ کی جاچکی ہے۔ اس کا مقصد جشنِ عیدِ میلادالنبیؐ کے جلوس کے شرکاء کو رات کے وقت کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ صفائی ستھرائی کے کام بھی ترجیح بنیادوں پر انجام دیئے جارہے ہیں۔ جشنِ ولادت ِخاتم النّبیّین حضر ت محمد مصطفےٰ ﷺ شایانِ شان طریقے پر منانے کے انتظامات کی تکمیل کے لئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی ڈاکٹر سید محمد علی زیدی، میونسپل کمشنر خالد ریاض صدیقی اپنے فرائض تندہی سے اداکئے اور باہمی تعاون کے ذریعے ضلع وسطی میں تقریباتِ ولادتِ با سعادتﷺ کے خوش کُن انعقاد کے لئے اپنی اپنی دسترس میں موجود ذرائع اور وسائل کو استعمال کرتے ہوئے بلدیاتی اور انتظامی معاملات کو بہتر طور پر سرانجام دینے میں کوئی کسر نہ اُٹھارکھی۔ ڈاکٹر علی زیدی اور خالد ریاض صدیقی نے ضلع وسطی کے تمام زونز کا وقتاً فوقتاً دورہ جاری رکھا اور ہر ہر قدم پر بلدیاتی خدمات کو بہتر طور پر انجام دینے کے لئے بلدیاتی افسران و کارکنان کی رہنمائی کی۔ ضلع وسطی کے ہر علاقے سے کوڑے کرکٹ اور برساتی نالوں کی صفائی کے لئے افرادی قوت کے ساتھ بلدیہ وسطی کے موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ کی ہلکی اور ہیوی مشنری اور گاڑیاں استعمال کی گئیں۔ 12 ربیع الاول کو ضلع وسطی سے نکلنے والے جشن عید میلاد النبی ؐ کے مرکزی جلوس کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جائیگی اور خوشبو کا سپرے بھی کیا جائیگا۔ مجموعی طور پر باہمی تعاون اور رابطے کی وجہ سے جشنِ عیدِ میلاد النبی ﷺ منانے کے انتظامات میں بہتری دکھائی دے رہی ہے۔


شیئر کریں: