March 25, 2020 at 9:47 am

کرکٹ کی دنیا سے عمران عثمانی کی خبریں

کورونا وائرس پر آسٹریلیا کے وزیراعظم کی پریس کانفرنس پر کرکٹرز بھی ششدر رہ گئے ہیں۔
ایک کے بعد ایک کرکٹر پھٹ پڑا شین وارن نے تو اپنے وزیر اعظم کو شاکر (جھٹکا دینے والا ) قرار دے دیا۔
منگل کی شب آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکا ٹ موریسن نے کورونا وائرس پر جو نئی ہدایات جاری کیں اس سے نہ صرف بہت کچھ تازہ ہوگیا بلکہ اس کے بعد جو رد عمل سامنے
آیا اسے دیکھ کر ایسا لگا کہ پاکستان جیسے فیصلے آسٹریلیا ملک میں بھی ہوسکتے ہیں۔
آسٹریلیا کے وزیر اعظم موریسن نے اعلان کیا کہ کورونا کی وجہ سے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔
جنازے میں 10 سے زائد افراد شریک نہیں ہوسکیں گے لیکن اسکول کھلے رہیں گے۔
سابق کرکٹر شین وارن نے اس پر اپنے وزیر اعظم کو صدمہ دینے والا شخص قرار دیا اور لاک ڈائون کا مطالبہ کردیا۔
موجودہ کپتان ایرون فنچ نے تو اسے کنفیوژن پھیلانے والی پریس کانفرنس قرار دے دی، پھر بولے پہلے ٹھیک تھا اب پاگل ہونے لگا ہوں۔

کرکٹر ایئر پورٹ پر قید، وارنر ٹینس پلیئر اور سودهی سنگر بن گئے

کورونا کی وجہ سے ہر عام و خاص متاثر ہے نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر تو اپنے ہی ملک کے ایئرپورٹ پر پھنسے رہے۔
اوپر سے ان کی اہلیہ کی حالت شدید خراب ہے مگر فلائٹ ہے کہ کینسل پر کینسل ہورہی ہے۔
این اوبرائن اپنی اہلیہ و 2بچوں کے ہمراہ انگلینڈ رہتے ہیں لیکن نیوزی لینڈ آمد کے بعد واپسی کی 3 کوششیں ناکام ہوچکی ہیں۔
ولنگٹن ایئر پورٹ پر ان کی تیسری فلائٹ بھی اڑان نہ بھر سکی لندن سے کلیئرنس نہ ملنے پر پروازیں منسوخ ہوتی جارہی ہیں۔
کیویز کیلئے 22 ٹیسٹ اور 13 ون ڈے کھیلنے والے 43 سالہ سابق کرکٹر کو اپنی اہلیہ کی صحت کی فکر ہے جو سینے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔
آسٹریلیا کے جارح مزاج کرکٹر ڈیوڈ وارنر اب کرکٹ گرائونڈ جاسکتے ہیں اور نہ ہی کھیل سکتے ہیں۔
انہوں نے گھر میں ہی ٹینس کورٹ بنالیا اور دن بھر ریکٹ و ٹینس بال پکڑے خود ہی کھیلے جارہے ہیں۔
ان کا میچ نہ تو شائقین دیکھ پارہے ہیں اور نہ ہی کہیں ٹیلی کاسٹ ہورہا ہے۔
کہا جاسکتا ہے کہ کورونا نے کرکٹر کو ٹینس پلئیر بنادیا ہے۔
دوسری جانب بھارت سے واپسی کرنے والی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے رکن ایش سودهی نے کورونا پر گیت گادیا ہے۔
قرنطینە میں موجود کیوی کرکٹر نے ماسک لگائے گانا گایا اور کہا کہ کورنا، مجھے آج مت چهونا
کورونا مجھے ہے کرکٹ کھیلنا
کورونا مجھے آتا ہے تم سے لڑنا
کورونا ٹی وی اسکرین پے ہے تمہارا رونا

کرکٹ کا نیا فارمیٹ آگے بڑھ گیا

کرکٹ کا نیا فارمیٹ 100 بالز کرکٹ ٹورنامنٹ کا اس سال آغاز خطرے میں پڑگیا ہے۔
انگلینڈ کرکٹ اور ڈرہم کائونٹی کے اہم عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ اس سا ل 100 بالز کا انعقاد غیر یقینی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔
امکانات زیادہ ہیں کہ اس کا ڈیبیو اگلے سال 2021 میں ہو، انگلینڈ کرکٹ بورڈ پہلے ہی اپنا سیزن 28 مئی تک 7 ہفتے کیلئے موخر کرچکا ہے۔
اگر سیزن ایک ماہ مزید آگے گیا تو 100 بالز ایونٹ ایک سال کیلئے ملتوی ہوجائے گا۔
اس سے قبل یہ دعوی کیا گیا تھا کہ بورڈ دستیاب وقت میں 100 بالز اور ٹی 20 بلاسٹ تو ضرور کروائے گا۔

آئی پی ایل کا فیصلہ کرنے والی میٹنگ ہی ملتوی

بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی پی ایل فرنچائزز حکام کی کانفرنس کال میٹنگ آخری لمحات میں ملتوی کردی گئی۔
منگل کی شام شیڈول اجلاس بی سی سی آئی اہلکار نے یہ کہہ کر ختم کردیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے صورت حال خراب ہے اس لئے اجلاس کا کوئی فائدہ نہیں تھا۔
بورڈ نے مہنگی ترین لیگ 15اپریل تک ملتوی کی تھی لیکن بھارتی لاک ڈائون کے بعد اب یہ ختم ہی سمجھیں۔

ٹیمیں فائنل کے بغیر ہی چیمپئن

پاکستان میں یہ بحث اپنی جگہ موجود ہے کہ پی ایس ایل کے ناک آئوٹ میچز نہ ہونے کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل کی سر فہرست ٹیم کو چیمپئن قرار دےکر قضیہ تمام کیا جائے، بحث تو ہر ایسے معاملے پر رہتی ہے جو پایہ تکمیل کو نہ پہنچے لیکن پی ایس ایل میں شاید ایسا ممکن نہ ہو کیونکہ ایک تو بڑا ایونٹ ہے۔
فرنچائزز کا بہت کچھ دائو پر ہوتا ہے اس لئے اس کے مکمل کئے جانے کی باتیں زیادہ ہیں۔
کچھ بھی ہو پاکستان سپر لیگ ہے تو ڈومیسٹک ایونٹ ہی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں ایسے فیصلے کر بھی لئے جاتے ہیں۔
جنوبی افریقا کرکٹ بورڈ نے 4 روزہ فرسٹ کلاس کی چیمپئن لائنز کو قرار دیا ہے تو ون ڈے کپ کی فاتح ڈولفن رہی۔
اسی طرح 3 روزہ ایونٹ میں 2 ٹیمیں مشترکہ طور پر ونر قرار پائیں۔
فیصلہ پوائنٹس ٹیبل کی پوزیشن کو دیکھ کر کیا گیا کورونا کی وجہ سے مقابلے پہلے ہی روک دیئے گئے تھے۔

انگلینڈ کے گرائونڈز پر کورونا قبضہ

انگلش کرکٹ کائونٹیز ملک میں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث میں میدان میں آگئی ہیں۔
کینٹ اور ڈرہم نے اپنے کر کٹ گرائونڈز میڈیکل اسٹاف کو دینے کا اعلان کیا ہے۔
ریور سائیڈ اور کنٹربری اسٹیڈیمز مقامی کونسل بھی استعمال کرسکیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کو میڈیکل اسٹاف کیلئے مختص کرچکا ہے۔

قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ ملتوی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملکی ‏ صورت حال کے مطابق کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ ملتوی کردیے ہیں۔
سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرزکے ٹیسٹ اگلے ماہ اپریل میں ہونا تھے۔
کورونا وائرس کے باعث جاپان میں ہونے والے ٹوکیو اولمپیکس 2020 ایک سال کے لیے ملتوی کردیے گئے۔

کورونا ٹوکیو اولمپکس بھی آگے لے گیا

کورونا نے دنیا کے سب سے بڑے مقابلے ٹوکیو اولمپکس 2020 بھی ملتوی کرادیے ہیں۔
آئی او سی کے سربراہ تھامس باخ اور جاپان کے وزیراعظم شنزو ایبے نے کانفرنس کال کے بعد اعلان کیا۔
کورونا کی وجہ سے اولمپکس اگلے سال 2021 میں ہوں گے مگر اس کا نام اولمپکس 2020 ہوگا۔

Facebook Comments