March 24, 2020 at 8:26 pm

خواتین کے ملبوسات کی معروف برینڈ “ماریہ بی” کے مالک کو کورونا وائرس پھیلانے کے الزام میں تھانہ نشتر کالونی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سوئی گیس کالونی لاہور کے رہائشی طاہر سعید کے باورچی عمر فاروق کی طبیعت مسلسل خراب رہنے پر لیبارٹری سے اس کا کورونا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا۔
طاہر سعید نے متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کی بجائے عمر فاروق کو اس کے آبائی شہر وہاڑی کی بس میں بٹھا دیا۔
کورونا کا مریض ہوتے ہوئے بھی عمر فاروق بغیر حفاظتی اقدامات عام مسافروں کے ساتھ سفر کر کے گھر پہنچا اور اہلخانہ سے بھی ملا۔
لیبارٹری کی طرف سے جب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو ٹیسٹ مثبت آنے کی رپورٹ دی تو حکام حرکت میں آئے۔
لیبارٹری سے دستیاب ڈیٹا پر حکام نے طاہر سعید سے رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ عمر فاروق اپنے گاؤں چلا گیا ہے۔
محکمہ صحت نے پولیس کی مدد سے عمر فاروق کو تحویل میں لے کر آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا اور طاہر سعید کو بھی حراست میں لے لیا۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ملازم کی مہلک بیماری چھپائی،اسے عام شہریوں تک جانے دیا اور باقی عوام کی زندگی بھی خطرے میں ڈالی۔

Facebook Comments